اورنگ آباد کے مسلمانوں کے اتحاد کی ایک اور بڑی کامیابی

اورنگ آباد کے مسلمانوں کے اتحاد کی ایک اور بڑی کامیابی
مرکزی وزارتِ داخلہ نے تمام ریاستی حکومتوں کو پابند کیا5

اورنگ آباد(یواین اےنیوز30ستمبر2017) مسلمانانِ اورنگ آباد کے اتحاد نے ایک اور کامیابی حاصل کی ہے۔ ۲۸؍ جولائی ۲۰۱۷ ؁ء کو گؤ رکھشکوں کی غنڈہ گردی کے خلاف مسلمانانِ اورنگ آبادکے دھرنے اور مہاراشٹر مسلم عوامی کمیٹی کی جانب سے دےئے گئے میمورنڈم نے وہ اثر کر دکھایا کہ مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں کے چیف سیکریٹریوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے افسران کو اس سلسلہ میں خصوصی ہدایات و احکامات جاری کئے ہیں کہ گائے کے تحفظ کے نام پر کوئی پر تشدد واقعہ یا کوئی غیر قانونی سرگرمی نہ ہونے پائے۔
مہاراشٹر مسلم عوامی کمیٹی اورنگ آباد کے صدر الیاس کرمانی کے نام ارسال کردہ مکتوب مورخہ ۱۵؍ ستمبر ۲۰۱۷ ؁ء میں محکمہ داخلہ کے سیکریٹری منی رام نے لکھا ہے کہ حکومت کسی کو بھی امن وامان سے کھلواڑ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے گی۔اپنے مکتوب کے ساتھ انھوں نے وہ سرکلر بھی منسلک کیا ہے جو مرکزی وزارتِ داخلہ نے ریاستی حکومتوں کو روانہ کیا ہے ، اس امر پر مہاراشٹر مسلم عوامی کمیٹی کے صدر الیاس کرمانی نے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ یہ مسلمانانِ اورنگ آباد کے اتحاد کی طاقت ہے جس نے یہ کامیابی عطا کی ہے ،اور اسی اتحاد کے مظاہرے نے مسلمانوں کے قتل کے سلسلے کوروکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
واضح رہے کہ گائے کے تحفظ اور گوشت کھانے کے شبہ و الزام میں مسلمانوں پر حملوں کا جان لیوا سلسلہ جاری تھا ۔مہاراشٹر مسلم عوامی کمیٹی اورنگ آباد کی کوششوں سے پارلیمنٹ اور ملک بھر میں اس سلسلے میں آوازیں اُٹھیں اور اسے احتجاج کے بعد ان حملوں کا سلسلہ بھی رُکا اور مرکزی محکمہ داخلہ نے تمام ریاستوں کو اس سلسلہ میں اپنے جاری کردہ سر کلر کے ذریعہ پابند کیا کہ گائے کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لیکر امن امان کو خراب کرنے کی اجازت نہیں ہے خواہ وہ کوئی بھی ہو۔ ان ہدایات و احکامات کی ایک نقل بھی وزارتِ داخلہ کے سیکریٹری نے الیاس کرمانی کو روانہ کی ہے، الیاس کرمانی نے اس کامیابی پر مسلمانانِ اورنگ آباد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مبارکباد دی اور کہا کہ قابلِ فخر ہیں اورنگ آباد کے مسلمان جن کی قوت نے ملک میں جاری مسلم کشی کے سلسلے کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

Leave a comment